سڑک حادثہ میں زخمی ہیمامالنی کی پلاسٹک سرجری کا امکان

جئے پور 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )فلمی اداکارہ اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیما مالینی کے ڈرائیور کو کل شب پیش آئے سڑک حادثہ کے سلسلہ میں آج حراست میں لیکر ایف آئی آر درج کرلیا گیا جبکہ لاپرواہی سے ڈرائیورنگ کے باعث ایک4 سالہ لڑکی ہلاک اور دیگر 5 افراد بشمول فلمی اداکارہ زخمی ہوگئے تھے ۔ کوتوالی تھانے کے انسپکٹر دلیپ سنگھ نے بتایا کہ رمیش چند جو کہ ہیما مالینی کی مرسیڈیز کا رچلارہا تھا کل شب دوسری کار کو ٹکر دیدی تھی ۔ اسے آج حادثہ کے بارے میں پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لے لیا گیااور عدالت میں پیش کرنے پر ضمانت دیدی گئی ۔ ہنومان مہاجن نے جن کی 4 سالہ لڑکی دوسہ کے مقام پر حادثہ میں ہلاک ہوگئی دیگر 4 زخمیوں میں وہ بھی شامل ہیں ۔ کوتوالی پولیس اسٹیشن میں ڈرائیور رمیش کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے ۔

پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ دونوں گاڑیوں کو ضبط کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور یہ پتہ چلانے کی کوشش جاری ہیکہ حادثہ کس طرح پیش ایا اور غلطی کس کی ہے انہوں نے بتایا کہ مرسیڈیز کار میں 3 افراد متھرا کی ایم پی ہیما مالینی اور ان کا پرسنل اسسٹنٹ اور ڈرائیور تھے جبکہ دوسری کار میں 5 افراد بشمول 2 بجے ‘2 خواتین اور شکایت کنندہ ہنومان مہاجن سوار تھے ۔ حادثہ میں شدید زخمی ہنومان کی لڑکی سونم نے دوسہ میں ہاسپٹل منتقلی کے دوران دم توڑ دیا دیگر زخمیوں ہنومان اور ان کی اہلیہ شیکھا اور بچے سوملی ‘سیما کو جئے پور کے ایس ایم ایس ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا ہے ۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی راجستھان کے وزیر راج پال سنگھ شیخاوت نے کل رات ہیما مالینی کی مزاج پرسی کی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ فلمی اداکارہ کی آنکھ اور ناک کے قریب زخم آئے ہیں اور پیشانی بھی پھوٹ گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سی ٹی اسکیان اور دیگر طبی معائنوں کے بعد پلاسٹک سرجری کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا کیونکہ ان کا چہرہ بگڑ گیا ہے۔ ہیما مالینی متھرا سے براہ بھرت پور ‘جئے پور جارہی تھیں دوسہ کے قریب آگرہ ۔ جئے پور قومی شاہرہ نمبر 11 پر کار شب 9 بجے حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ جبکہ دوسری کار جئے پور سے لالسیٹ کی سمت آرہی تھی حادثہ کے بعد مقامی لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ کو روکنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں منتشر کردیا ۔رات دیر گئے موصولہ اطلاعات کے بموجب فورٹیس ہاسپٹل جئے پور میں ہیمامالینی کے پلاسٹک سرجری کامیابی کے ساتھ انجام دی گئی اور ناک کافریکچر درست کردیاگیا ہے ۔ڈاکٹروں نے بتایاکہ زخم مندمل ہونے کیلئے 4 ہفتے اور داغ دھبے مٹنے کیلئے 9 ماہ درکار ہوں گے ۔دریں اثناء چیف منسٹرراجستھان وسندھرا راجے اور فلمی اداکار ہ کی دختر ایشا دیول نے رکن پارلیمنٹ کی عیادت کی ۔