کوہیر۔/21جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد احمد علی ( عمر 30سال ) متوطن دیگوال کوہیر منڈل ایک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق وہ صبح دیگوال سے اپنی موٹر سیکل پر سنگاریڈی اپنے سسرال جارہے تھے کہ ایم آر ایف ٹائر کمپنی کے قریب مخالف سمت سے آنے والی ایک تیز رفتار لاری نے ٹکر دے دی جس کی وجہ سے وہ موقع واردات پر ہلاک ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی شادی گیارہ ماہ قبل ہوئی تھی احمد علی مرحوم محمد سعادت علی کرانہ مرچنٹ کے فرزند تھے اور سید امام الدین سنگل ونڈو چیرمین بلال پور کے قریبی رشتہ دار تھے۔ ان کے جلوس جنازہ میں عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ان کی تدفین آبائی قبرستان دیگوال میں عمل میں آئی۔
شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل
کوٹگیر۔/21جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوٹگیر منڈل کے موضع پوتینگل میں گزشتہ رات شوہر نے اپنی تین ماہ کی حاملہ بیوی سعدیہ بیگم عمر 22سال کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا۔ صبح سویرے خود قاتل شوہر شیخ جلیل پولیس اسٹیشن کوٹگیر پہنچ کر گزشتہ شب گھر میں ڈاکہ زنی اور بیوی کے قتل کا نامعلوم سارقین پر الزام عائد کرتے ہوئے شکایت درج کروائی۔ سب انسپکٹر کوٹگیر بشیر احمد نے جائے واقعہ کا معائنہ کرنے کے بعد شکایت کنندہ کی شکایت اور واقعہ کا تقابل کیا ۔ جلیل کی شکایت پر شبہ محسوس کرتے ہوئے جلیل کی تفتیش کی۔ سب انسپکٹر کے بموجب جلیل نے خود اپنی حاملہ بیوی کا گلہ گھونٹ کر قتل کردینے کا اعتراف کیا۔ پولیس کے بموجب متوفی سعدیہ اور جلیل کی شادی ہوئے صرف نو ماہ کا عرصہ ہوا تھا ، آپسی اختلافات ہی قتل کی وجہ ہوسکتی ہے۔ سب انسپکٹر نے قتل کا مقدمہ درج رجسٹر کرکے قاتل کو حراست میں لے لیا اور مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے سرکاری دواخانہ بودھن منتقل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔