سڑک حادثہ میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل محفوظ

حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل کار کے ایک حادثہ میں بال بال بچ گئے۔ گزشتہ رات وہ اپنی ذاتی کار میں ڈرائیو کرتے ہوئے مانصاحب ٹینک سے گزر رہے تھے کہ اچانک سامنے ایک جانور آگیا۔ جانور کو بچانے کیلئے انہوں نے جیسے ہی بریک لگایا پیچھے سے آنے والی تیز رفتار کار نے ان کی کار کو ٹکر دیدی۔ حادثہ میں کار کو بھاری نقصان ہوا، تاہم جناب عمر جلیل محفوظ رہے۔ اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی کئی اعلیٰ عہدیداروں اور دوست احباب نے فون پر خیریت دریافت کی۔ جناب عمر جلیل نے اس حادثہ میں محفوظ رہنے پر بارگاہِ خدا وندی میں سجدہ شکر ادا کیا۔

مرکزی وزیر سے موٹر وہیکل ٹیکس پر وضاحت
حیدرآباد ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ ریاست تلنگانہ مسٹر پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ٹیکس معاملہ میں قوانین کے مطابق ہی حکومت اقدامات کرے گی اور اس سلسلہ میں عدالت کے احکامات کا احترام کرتے ہوئے ہی اب تک خاموشی اختیار کی گئی تھی، جس کے باعث تقریباً 40 کروڑ روپئے ٹرانسپورٹ ٹیکس نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ حکومت کوئی غلط اقدامات ہرگز نہیں کرے گی بلکہ قانون کے دائرہ میں رہ کر ہی ریاست کے مالیہ کو مستحکم بنانے کی کوشش کریگی۔ اس سلسلہ میں آج ہی مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ مسٹر نتن گڈکری سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اور آر ٹی سی کی املاک کی بہتر انداز میں تقسیم کا عمل مکمل ہونے کے ساتھ ہی تقسیم کے عمل کو بھی مکمل کرلیا جائے گا اور آر ٹی سی املاک کی تقسیم کا تنازعہ بھی سنجیدگی کے ساتھ حل کرلیا جائے گا۔