سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیم کی تشکیل

آر ٹی سی کی آمدنی میں 5 فیصد اضافہ متوقع ، وزیر ٹرانسپورٹ کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : وزیر ٹرانسپورٹ و کابینی امور پرشانت ریڈی نے ریاست میں سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سڑک حادثات کی تعداد کو کم سے کم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے وزیر ٹرانسپورٹ کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد آج محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں بالخصوص روڈ اینڈ سیفٹی اور آر ٹی سی عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور مختلف امور پر غور و خوض کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے ایک خصوصی ٹیم کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے ۔ اس ٹیم کو ریاست میں سڑک حادثات کی روک تھام کے اقدامات تجویز کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے آر ٹی سی کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ مسافرین کی سہولت کے لیے جلد ہی آر ٹی سی کی جانب سے الیکٹرانک اور اے سی بسیں بھی چلائی جائیں گی ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس سال حکومت کو آر ٹی سی کی آمدنی میں 5 فیصد اضافہ کی امید ہے ۔ انہوں نے کابینہ میں شامل کرنے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ چیف منسٹر کی توقعات کو پورا کرنے اور محکمہ کی کارکردگی کو موثر بنانے ہر ممکن جدوجہد کریں گے ۔۔