سری نگر ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں گذشتہ شام ہونے والے ایک دلدوز سڑک حادثے میں 7 افراد ہلاک جبکہ کم از کم دس دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قصبہ بانڈی پورہ سے قصبہ گریز جارہی ایک گاڑی جس میں بیکن سے وابستہ مزدور سوار تھے ، تراگ بل کے نزدیک سڑک سے پھسل کر ایک گہری کھائی میں جاگری۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میں کم از کم 17 مزدور سوار تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے کے فوراً بعد بڑے پیمانے بچاؤ مہم شروع کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے مقام سے سات لاشیں برآمد کی گئی اور کم از کم دس مزدوروں کو زخمی حالت میں بچایا گیا جنہیں نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔مہلوکین میں 6 کا تعلق جھارکھنڈسے ہے جبکہ ایک کا تعلق ضلع بانڈی پورہ سے ہے ۔پنجاب میں دو الگ الگ سڑک حادثوں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد سمیت چھ افراد کی موت ہوگئی اور پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔کوٹک پورا میں آج صبح ایک کار درخت سے ٹکرانے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موت ہوگئی اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔موصولہ اطلاع کے مطابق جلال آباد کاایک خاندان صبح مکتسر سے فرید کوٹ جارہا تھاکہ اسی دوران کوٹک پورا کے نزدیک کار ڈرائیور کے قابو سے باہرہوگئی اور سڑک کے کنارے ایک درخت سے ٹکرا گئی جس سے گردیال سنگھ،اس کی بیوی،دو بیٹے اور ایک بیٹی کی موقع پر ہی موت ہوگئی
جبکہ ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہوگئی۔ایک دیگر حادثے میں گزشتہ رات پٹھان کوٹ-جالندھر سڑک پر واقع دسوہا مین ایک بے قابو ٹرک نے قومی شاہراہ پر کھڑے تقریباً چھ افراد کو بری طرح کچل دیا،جس میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور ایک چار سالہ بچے سمیت چار افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق دیررات ایک بے قابو ٹرک ہوشیار پور روڈ سے قومی شاہراہ سے گزر رہے لوگوں کو کچلتے ہوئے پرانی کچہری کی دیوار توڑ کر اندر گھس گیا۔مہلوک کی شناخت چیک مہرا کے رہنے والے ستندر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے ۔مدھیہ پردیش کے اجین دیواس روڈ پر ایک سواری گاڑی اور ٹرک کی آمنے سامنے کی شدید ٹکر میں راجستھان کے دس افراد ہلاک اور 18دیگر زخمی ہوگئے ۔اس سڑک حادثے میں شدید طور پر زخمی دو لڑکیوں کو اندور منتقل کیا گیا ہے ۔ بہار میں ضلع سیوان کے جی بی نگر تروارا تھانہ علاقے میں آج جیپ اور موٹر سائکل کے درمیان ہوئی براہ راست ٹکر میں دو افراد کی موت ہوگئی۔ذرائع نے بتایا کہ سیوان-بسنت پور مین روڈ پر جلال پور گاؤں کے نزدیک جیپ اور موٹر سائکل کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں دو افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔مہلوکین کی شناخت ریاض عالم(25)اور فیروز احمد عرف لال بابو (23)کے طور پر ہوئی ہے ۔