سڑک حادثات میں ہر سال 1.5 لاکھ افراد کی ہلاکت

ملک کو سالانہ 55,000 کروڑ روپئے کا نقصان ۔ 95 فیصد قومی شاہراہوںکے پراجکٹس پر عمل : گڈکری
نئی دہلی ، 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) لگ بھگ 1.5 لاکھ افراد ملک بھر میں ہر سال تقریباً پانچ لاکھ سڑک حادثات میں مرجاتے ہیں، وزیر حمل و نقل اور شاہراہیں نتن گڈکری نے آج لوک سبھا کو یہ بات بتائی۔ انھوں نے وقفہ سوالات کے دوران کہا کہ ایسی بڑی تعداد میں حادثات کے سبب قوم کو سالانہ 55,000 کروڑ روپئے کا نقصان ہورہا ہے، جو جی ڈی پی (مجموعی دیسی پیداوار) کا تین فیصد حصہ ہوتا ہے۔ گڈکری نے کہا کہ سارے ملک میں دیکھیں تو لگ بھگ 1.5 لاکھ افراد ہر سال پیش آنے والے تقریباً 5 لاکھ حادثات میں ہلاک ہورہے ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ 12 ویں پانچ سالہ منصوبہ میں قومی شاہراہوں کے فروغ کیلئے تخمینی لاگت کے اعتبار سے 1,78,000 کروڑ روپئے تک کی خانگی سرمایہ کاری درکار ہے جبکہ مجموعی ضرورت 4,83,000 کروڑ روپئے ہے۔ گڈکری نے کہا کہ 95 فیصد ہائی وے پراجکٹوں پر عمل آوری سے متعلق تمام مسائل کی یکسوئی کردی گئی ہے اور اُن پر کام بہت جلد شروع ہوجائیں گے۔ بقیہ 5 فیصد پراجکٹس کے معاملے میں تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ گڈکری نے کہا کہ اُن کی وزارت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اب سے شاہراہوں کے قریب شجرکاری سے متعلق کام کیلئے ایک فیصدی سیول ورک لاگت کو متعلقہ قومی شاہراہوں (NHs) کی جملہ تعمیراتی لاگت کا تخمینہ لگاتے وقت جوڑ لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت لگ بھگ 10 لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ گڈکری نے تمام ایم پیز سے اپیل کی کہ روڈ ٹرانسپورٹ منسٹری کی مدد کیلئے آگے آئیں تاکہ ’سبز مہم‘ پر کامیابی سے عمل آوری ہوسکے۔