سڑک حادثات میں کمی کیلئے ہر ضلع میں ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹر کا قیام

وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کا اعلان، بنڈلہ گوڑہ آر ٹی اے آفس کا دورہ، عوامی خدمات کا جائزہ
حیدرآباد۔ 19 جولائی (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ ریاست میں سڑک حادثات میں کمی اور روزگار کو مفید بنانے کے لیے ماہر ڈرائیورس کی تیاری کے سلسلہ میں سرسلہ کی طرح ہر ضلع میں ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹر قائم کیا جائے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے آج رنگاریڈی ضلع کے تحت چندرائن گٹہ اسمبلی حلقہ میں بنڈلہ گوڑہ میں واقع آر ٹی اے آفس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی اکبر اویسی، جے ٹی سی پانڈو رنگا نائک، ڈی ٹی سی پی سرینواس اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ انہوں نے ڈرائیونگ ٹسٹ ٹریک کی تعمیر کے سلسلہ میں عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ سابق میں دیئے گئے تیقن کے مطابق ڈرائیونگ ٹسٹ ٹریک کی تعمیر کے لیے 49.80 لاکھ روپئے کی اجرائی کے ساتھ ہی تعمیری کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے چیف انجینئر لکشما ریڈی کو ہدایت دی کہ اندرون دو ماہ ٹریک کی تعمیر کا کام مکمل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مختلف گاڑیوں کے چلانے والے افراد میں تربیت کی کمی اور روڈ سیفٹی سے متعلق شعور بیداری نہ ہونے کے سبب حادثات اور اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ حادثات کی روک تھام کے لیے سرسلہ میں 18 کروڑ کے صرفہ سے ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹر مرکز کے تعاون سے قائم کیا جارہا ہے۔ اسی طرح کے مراکز تمام ضلع ہیڈرکوارٹرس پر قائم کیے جائیں گے۔ ہر ضلع میں اراضی کی نشاندہی اور کم از کم 5 کیلومیٹر ڈرائونگ ٹریک تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنڈلہ گوڑہ میں ڈرائیونگ ٹسٹ ٹریک کی تعمیر سے شہر کے عوام کو سہولت ہوگی۔ بنڈلہ گوڑہ آر ٹی اے آفس کو مرحوم جناب صلاح الدین اویسی کے نام سے موسوم کرنے کے لیے جی او جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ٹریفک سیفٹی کے بارے میں طلبہ اور نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے مختلف پروگراموں کا اہتمام کریں اور ان پروگراموں میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ کے دفاتر اور آر ٹی سی کی اراضیات پر ہریتاہارم پروگرام کے تحت شجرکاری کی تجویز پیش کی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے آر ٹی اے آفس میں عوام کو دی جارہی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔