سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک

حیدرآباد /2 جولائی ( سیاست نیوز ) حبیب نگر جوبلی ہلز اور دنڈیگل پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد بشمول ایک لڑکی ہلاک ہوگئی ۔ حبیب نگر پولیس کے مطابق45 سالہ غلام عماد الدین جو پان شاپ کا کاروبار کرتے تھے چوڑی بازار بیگم بازار کے ساکن بتائے گئے ہیں ۔ وہ آج صبح کے اوقات چار قندیل ، آغاپورہ کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں آر ٹی سی بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے ۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 25 سالہ رمیش جو ملازمت کی تلاش میں تھا ۔ یلاریڈی گوڑہ میں رہتا تھا 24 جون کی شام وہ سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جو آج علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ دنڈیگل پولیس کے مطابق 11 سالہ نندی جو اندرا نگر علاقہ کے ساکن سرینواس کی بیٹی تھی کل گھر کے باہر کھیل میں مصروف تھی کہ تیز لاری کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگئی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔