ممبئی ۔ /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام)سلمان خان کو 2002 ء کے ٹکر دے کر فرار ہونے کے مقدمہ میں سزا سنائی جانے پر سارا بالی ووڈ ان کے ساتھ ہے اور ایسے میں سنگر ابھیجیت بھٹاچاریہ اور فرح خان علی نے بے گھر افراد کے بارے میں ’’غیرحساس‘‘ تبصروں کے ذریعہ ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے ۔ ابھیجیت نے سلسلے وار ٹوئٹس میں لکھا کہ سڑکیں کاروں اور کتوں کیلئے ہوتی ہیں ، عوام کے سونے کیلئے نہیں ۔ ابھیجیت اور فرح خان علی جو جویلری ڈیزائنر اور سلمان خان کی دوست ہیں ، بالی ووڈ سوپر اسٹار کی بھرپور مدافعت کی ۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹس میں سلمان خان کو اس وقت جن حالات سے گزرنا پڑرہا ہے اس کے لئے بے گھر افراد کو مورود الزام قرار دیا ۔ سوشیل میڈیا پر ان تبصروں کے بارے میں ایک نئی بحث چھڑ گئی اور اکثر نے انتہائی غیرحساس تبصرے قرار دیا ۔
ابھیجیت نے ایک ٹوئٹ میں یہ کہا کہ ہم سب کو مل کر سلمان کی تائید کرنی چاہئیے کیونکہ سڑکیں اور فٹ پاتھ سونے کیلئے نہیں ہے اس میں ڈرائیور یا الکحل کی کوئی غلطی نہیں ۔ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ کتا روڈ پر سوئے گا ، کتے کی موت مرے گا ، روڈس غریب کے باپ کی نہیں ہے ۔ انہوں نے اسی طرح ایک اور ٹوئٹ کیا کہ خودکشی کرنا جرم ہے اسی طرح فٹ پاتھ پر سونا بھی جرم ہے ۔ 80 فیصد بے گھر فلمی لوگ اپنی قسمت آزمانے کیلئے یہاں جدوجہد کرتے ہیں
لیکن وہ کبھی فٹ پاتھ پر نہیں سوتے ۔ فرح نے بھی ٹوئٹر پر حکومت اور بے گھر افراد کو نشانہ بنایا ۔ انہوں نے فٹ پاتھ پر رات گزارنے والوں کا ریلوے پٹریاں عبور کرنے والوں سے تقابل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کو مکانات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ اگر کسی اور ملک میں سلمان ڈرائیو کررہے ہوتے تو وہ کسی کو اس طرح ٹکر ہی نہ دیتے ۔ یہ تو وہی بات ہوئی کہ ریلوے ٹریک عبور کرنے والوں کی اگر ہلاکت واقع ہوجائے تو اس کی سزا ٹرین ڈرائیور کو دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی سڑک یا فٹ پاتھ پر نہیں سونا چاہئیے ۔ اس دوران ابھیجیت بھٹاچاریہ کے خلاف جھوٹوارہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے اور یہ خواہش کی گئی کہ نامناسب تبصروں پر ایف آئی آر درج کی جائے ۔ تاہم پولیس نے ایف آئی آر درج نہیں کی ہے ۔ بعد ازاں ابھیجیت نے اپنے ٹوئٹس پر معذرت خواہی کرلی ۔ انہوں نے کہا کہ جذبات کی رو میں بہہ کر انہوں نے اس طرح کے الفاظ استعمال کئے لیکن اس کا مطلب یہ تھا کہ وہ کافی برہم اور افسردہ ہیں ۔ کیونکہ ہمارے انسانیت دوست شخص کو اس طرح کی سزاء سنائی گئی تھی ۔ انہوں نے وضاحت کے ساتھ پھر ایک ٹوئٹ کیا کہ ایک انسان کتے کی موت مرنے کا مستحق نہیں ہے ۔