حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز)کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ایم دانا کشور نے آج چیف انجینئر اور انجینئرنگ شعبہ کے سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سڑکوں کی مرمت کا کام تیزی سے انجام دیں۔ جگہ جگہ پائے جانے والے کھڈوں کو بھرنے کے کام بھی جنگی بنیادوں پر کئے جائیں۔ کمشنر نے شہر کے بعض علاقوںمیں جاری سڑکوں کے مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دونوں شہروں میں دوپہر 2 بجے سے دورہ کرتے ہوئے کاموں کی انجام دہی کا معائنہ کیا۔ کمشنر نے شخصی طور پر مقام پر پہنچ کر عہدیداروں کو کاموں کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔سڑکوں کی توسیع کے بعد برقی کھمبوں کو درمیان سے ہٹادینے کی بھی انہوں نے ہدایت دی۔ شہریوں کو سہولت پہنچانے کیلئے سڑکوں کی توسیع عمل میں لائی گئی ہے لیکن برقی کھمبے سڑک کے بیچ رہنے سے ٹریفک میں خلل پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کم از کم سڑکوں کے 10 کھڈوں کو بھردیا جانا چاہیئے۔