ریاستی وزرا جے کرشنا راؤ اور ٹی ناگیشور راؤ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزراء جے کرشنا راؤ اور ٹی ناگیشور راؤ نے آج سکریٹریٹ میں محکمہ جات پنچایت راج و عمارت شوارع کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے سڑکوں کی دونوں جانب بے ترتیب اگنے والی کانٹے دار جھاڑیوں کو فوری صاف کردینے کی ہدایت دی ۔ دونوں وزراء نے عہدیداروں کو بتایا کہ محکمہ عمارت و شوارع کے 25 ہزار کیلو میٹر اور محکمہ پنچایت راج کے 67,500 کیلو میٹر سڑکوں کے دونوں جانب کانٹے دار جھاڑیاں اگنے سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ لہذا جے سی بی کو کرائے پر حاصل کرتے ہوئے ان کانٹے دار جھاڑیوں کو صاف کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ ضرورت پڑنے پر قومی ضمانت روزگار کے مزدوروں کی خدمات سے بھی استفادہ کرنے کا جائزہ لینے پر زور دیا ۔ ہریتا ہرم پروگرام کے آغاز سے قبل اندرون 10 تا 15 یوم صفائی کے کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ سڑک توسیع کے کاموں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہریتا ہرم پروگرام کی حکمت عملی تیار کرنے سڑک کے دونوں جانب پودے لگانے کے معاملے میں خصوصی منصوبہ بندی کرتے ہوئے سڑکوں سے دور شجرکاری کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ کانٹے دار جھاڑیوں کی صفائی سے قبل اس کی ویڈیو گرافی کرتے ہوئے صفائی کے بعد دونوں ویڈیوز کو آن لائن میں اپ لوڈ کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس اجلاس میں پنچایت راج و محکمہ عمارت و شوارع کے پرنسپل سکریٹریز وکاس راج ، سنیل شرما کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔