سڑکوں کی تعمیر کیلئے بیکار اراضیات کی فروخت کا فیصلہ : کے سی آر

حیدرآباد۔24نومبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بلدیات کو بہتر سڑکوں اور خاطرخواہ انفراسٹرکچر سے مربوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ اسمبلی میں آج کا اجلاس شروع ہونے سے قبل چیف منسٹر نے اپنی پارٹی ٹی آر ایس کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں اور انفراسٹرکچر کے علاوہ دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ریاستی حکومت ’’ ضروری ہو تو بیکار و بنجر اراضیات کو فروخت کرے گی اور حاصل ہونے والی رقومات اس کام پر خرچ کی جائیں گی ‘‘ ۔ تلنگانہ میں ہر گھر کو پینے کے صاف پانی کی سربراہی کی اسکیم پر عمل آوری کے مقصد سے واٹر گرڈ کیلئے عاجلانہ تکمیل کیلئے 1000کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کریم نگر ‘ کھمم ‘ ورنگل اور گجویل میں بہت جلد رنگ روڈس کی تعمیر شروع کی جائے گی ۔ تلنگانہ کے تمام اضلاع کو حیدرآباد سے مربوط کرنے کیلئے چار لین پر مشتمل سڑکیں تعمیر کی جائیں گی ۔