حکومت سے منظوری ، دو عدد کارپوریشن کی تشکیل ، حکومت کے احکامات
حیدرآباد۔26اپریل (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی سڑکو ںکو بہتر بنانے اور موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کے سلسلہ میں نئے اداروں کے قیام کو سرکاری منظوری دیدی گئی ۔ریاستی حکومت نے شہر حیدرآباد میں سڑکوں کی نگہداشت اور انہیں بہتر بنانے کے لئے اقدامات کے طور پر حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کی تشکیل کا فیصلہ کیا تھا اور اس فیصلہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے کارپوریشن کی تشکیل کو منظوری دیدی گئی ہے ۔ موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کی تکمیل کے لئے موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا اور اس کے قیام کو بھی منظوری دیدی گئی ۔ مسٹر نوین متل پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ان دو کارپوریشنو ںکو منظوری دیتے ہوئے انہیں 1500کروڑ روپئے تک کے قرض حاصل کرنے کی ضمانت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔شہر میں عرصہ دراز سے التواء کا شکار پراجکٹ موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے لئے حکومت تلنگانہ نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق نو تشکیل شدہ کارپوریشن کے ذریعہ تمام ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کے لئے ریاستی حکومت نے 4000کروڑ کا تخمینہ لگایا ہے اور اس تخمینی لاگت کو بذریعہ قرض اور حکومت کی جانب سے منظورہ فنڈز مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس پراجکٹ کی تکمیل کیلئے درکار رقومات کیلئے نو تشکیل شدہ کارپوریشن مرکزی حکومت اور بینکوں کے ذریعہ قرض حاصل کرنے کا مجاز رہے گا اسی طرح ریاستی حکومت نے حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کی تشکیل کے ذریعہ شہر کی سڑکوں کی ترقی کا جو منصوبہ تیار کیا جائے گا اس پر عمل آوری کو ممکن بنایاجائے گا اس منصوبہ کی تیاری اور عمل آوری اس کارپوریشن کی ذمہ داری ہوگی ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے نوتشکیل شدہ اس کارپوریشن کیلئے بھی 1500کروڑ روپئے تک کے قرض کے حصول کی ضمانت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ دونوں کارپوریشنس کو حکومت کی جانب سے 500 کروڑ روپئے تک کی گرانٹ ابتدائی طور پر فراہم کی جائے گی تاکہ ان کارپوریشنس کی خدمات کا آغاز ہو سکے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے تشکیل دیئے گئے ان کارپوریشنس میں قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ حیدرآباد میٹرو پولیٹن اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے علاوہ شہر سے تعلق رکھنے والے دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کا تقرر عمل میں لایا جائے گا جو ان ترقیاتی امور میں مہارت رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر سیادت علی کا دورہ مصر و اردن
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( راست ) : ڈاکٹر شیخ سیادت علی 5 مئی کو براہ شارجہ اردن روانہ ہوں گے ۔ اردن میں 3 دن قیام کے بعد قاہرہ ( مصر ) جائیں گے ۔ پھر 17 مئی کو براہ قطر ہندوستان واپس ہوں گے ۔ یہ ان کا تہذیبی ثقافتی اور مطالعاتی دورہ ہوگا ۔ اس سے قبل وہ یورپی ممالک اور مشرقی دنیا کے تقریبا 18 ممالک کا دورہ کرچکے ہیں ۔ ڈاکٹر سیادت علی یہاں کے مختلف تہذیبی ، سماجی اور ادبی انجمنوں سے وابستہ ہیں ۔ اس موقع پر تمام قریبی احباب نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ ان کا سیل نمبر 9848240272 ہے ۔۔