حیدرآباد واٹر ورکس ، ایچ آر ڈی اور انجینئرنگ شعبوں کا جائزہ اجلاس ، وزیر کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : وزیر بلدی نظم و نسق تلنگانہ کے ٹی آر نے شہر میں سڑکوں کو بہتر اور باقاعدہ بنائے رکھنے کے لیے حکومت جی ایچ ایم سی کو فنڈز جاری کرنے کے لیے تیار ہے ۔ آج واٹر ورکس کے آفس میں جی ایچ ایم سی ، حیدرآباد واٹر ورکس ، ایچ آر ڈی اور انجینئرنگ شعبہ کے عہدیداروں کاجائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں سڑکوں کی حالت بہتر بنائے رکھنے اور اس کی نگہداشت کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سڑکوں کے مرمتی کاموں پر بھی خصوصی توجہ دینے عہدیداروں کو احکامات جاری کئے ۔ سڑکوں سے متعلق عوام کے درپیش مسائل کو فوری حل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر وارڈ کے لیے ایک اگزیکٹیو انجینئر کو نامزد کیا گیا ہے ۔ سڑکوں کی نگہداشت پر چوکسی اختیار کی گئی ہے ۔ فنڈز کے ساتھ کام کے لیے درکار عملے کو دستیاب رکھا جارہا ہے ۔ اگر جاریہ بارش میں کوئی مسائل پیدا ہوتے ہیں تو متعلقہ عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ آئندہ 2 ماہ میں موسم بارش کے آغاز سے قبل تمام مسائل کو حل کرنے کی ہدایت دی ۔ ٹریفک پولیس کی تجاویز حاصل کرتے ہوئے پانی جمع ہونے والے مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے تال میل کے ساتھ مسائل کی یکسوئی کرنے پر زور دیا ۔ کے ٹی آر نے عہدیداروں کو بتایا کہ گذشتہ سال بارش کے باعث تقریبا 181 مقامات پر بارش کا پانی جمع ہونے اور 346 ناقص سڑکوں کی نشاندہی کی گئی تھی ۔ ان مقامات کی زونل کمشنرس ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اس کو حل کریں ۔ بارش کی خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے ابھی سے سڑکوں کی نگہداشت کرنے پر زور دیا ۔ میٹرو ریل کاریڈار ، ایچ آر ڈی سی ، جیسے اداروں کے حدود میں واقع سڑکوں کی تعمیرات و نگہداشت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ اندرون 2 ماہ جنگی خطوط پر سڑکوں کی تعمیرات کرنے پر زور دیا ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے جی ایچ ایم سی کے انجینئرنگ شعبہ کے تمام عہدیداروں کے آئندہ 2 ماہ تک رخصت منسوخ کرتے ہوئے کاموں کو تکمیل کرانے کی بھی ہدایت دی ۔ شہر میں واٹر ورکس کے پائپ لائن کی تعمیرات کے مقامات پر سڑکوں کے مرمتی کاموں کے لیے جی ایچ ایم سی اور حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس ایک دوسرے سے رابطہ و تال میل پیدا کرتے ہوئے کام کریں ۔ کنٹراکٹ معاہدے کے تحت پائپ لائن کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی تعمیرات کو بھی یقینی بنانے پر بھی زور دیا ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کو مین ہول پر خاص توجہ دینے کا مشورہ دیا ۔ اس جائزہ اجلاس میں سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار ، کمشنر جی ایچ ایم سی جناردھن ریڈی ، میٹرو ریل کے ایم ڈی ، این وی ایس ریڈی ، ایم ڈی واٹر ورکس دانا شکور ، ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔۔