بلدیہ کی تاکید نظر انداز کرنے والوں کو بھاری جرمانہ ، کمشنر بلدیہ کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔16مئی(سیاست نیوز) شہر کے بازاروں سے کچہرے کی نکاسی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے علاوہ تاجرین کی جانب سے سڑکوں پر پھینکے جانے والے کچہرے پر کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے ۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر کے بازاروں میں صفائی کو یقینی بنانے کے لئے صبح کی اولین ساعتوں میں صفائی کے انتظامات کو ممکن بنائیں اور جن دکانداروں کی جانب سے سڑکوں پر کچہرا پھینکا جا رہاہے ان کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف بھاری جرمانے عائد کئے جائیں کیونکہ دکانداروں کو سڑکوں پر کچہرا پھینکنے سے اجتناب کرنے کی مسلسل تاکید کی جاتی رہی ہے اور انہیں اس بات کا پابند بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جا چکے ہیں لیکن اس کے باوجودبازار میں اژدہام کے نام پر تاجرین کی جانب سے کی جانے والی ان حرکات کے خلاف کاروائی کی جانی ناگزیر ہے۔بتایاجاتا ہے کہ کمشنر جی ایچ ایم سی نے تمام زونل کمشنران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں صفائی کا خصوصی خیال رکھیں اور مساجد کے قریب روشنیوں اور صفائی کے علاوہ بازاروں میں سے کچہرے کی نکاسی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں۔