سڑکوں پر کچرہ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی

پولیس سے تعاون کا حصول ، کمشنر بلدیہ جناردھن ریڈی
حیدرآباد ۔ /27 اپریل (سیاست نیوز) گھر گھر سے کچرہ حاصل کرنے میں ناکامی کے الزامات کا سامنا کررہے بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اب سڑکوں پر کچرہ پھینکنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ کمشنر بلدیہ مسٹر ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ پہلے سڑکوں پر کچرہ پھینکنے والوں کی نشاندہی کی جائے گی جس کے بعد انہیں جرمانہ اور ان کے خلاف کارروائی ہوگی ۔ بلدیہ نے اس خصوص میں سٹی پولیس سے تعاون لینے کا فیصلہ کیا ہے اور بلدی کمشنر نے بتایا کہ سٹی پولیس کمشنر نے بلدیہ کی سفارش کو قبول کرلیا ہے ۔ اب شہر میں موجود پولیس کے سی سی ٹی وی کیمرے کچرہ پر بھی نظر رکھیںگے ۔ اس کے علاوہ برخواست کردیئے گئے کچرہ دانوں کے مقامات پر بلدیہ نے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سڑک پر کچرہ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے ۔ کمشنر نے اپنے بیان میں بتایا کہ ہر گھر کچرے کے دو ڈبوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے تاکہ ہر گھر سے راست کچرہ حاصل کرنے کے بعد انہیں ٹرانسفر اسٹیشن منتقل کیا جارہا ہے ۔ اس خصوص میں سڑک پر کچرہ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے بلدی کمشنر نے ڈپٹی کمشنرس کو کارروائی کے لئے حکم دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہرکار بیج پوائنٹ جس کو برخواست کیا گیا ۔ ان مقامات پر کچرہ ڈالنے سے روکنے کیلئے سوچ والینٹرس کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔