حیدرآباد۔ 17 مئی (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے اہم و عام مقامات پر کچرا ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی عہدیداروں کو ہداییات دیں۔ مسٹر نرسمہن جنہوں نے آج خیریت آباد کے آنند نگر کالونی میں منظم کردہ ’’سوچھ حیدرآباد‘‘ پروگرام میں حصہ لیا، کہا کہ جہاں کہیں بھی اور جو کوئی بھی کچرا ڈالے یا پھینکیں ان پر گہری نظر رکھتے ہوئے انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ کر ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہر حیدرآباد کو صاف ستھرا اور پاک وصاف شہر بنانے کیلئے کوشاں ہے جوکہ قابل ستائش اقدام ہے، لہذا اس پروگرام کو مسلسل جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ مسٹر نرسمہن نے نہ صرف گلی کوچوں بلکہ عام شاہراہوں پر بھی کچرا نہ ڈالنے اور سڑکوں کو بھی صاف ستھرا بنائے رکھنے کیلئے ہر ایک سے ذمہ دارانہ رول ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر لیبر دتاتریہ اور دیگر موجود تھے۔