حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سڑکوں پر کچرا پھینکنے والی گاڑیوں اور ملبہ پھینکنے والے ٹرکس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے فیصلہ کیا ہے کہ اِس طرح کی حرکتوں میں ملوث گاڑیوں کے ذمہ داروں کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے گی۔ میئر عظیم تر حیدرآباد جناب محمد ماجد حسین نے آج منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اِس طرح کی حرکتوں میں ملوث گاڑیوں کی تصاویر بلدی عہدیداروں کو روانہ کریں تاکہ اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے۔ آج منعقدہ جائزہ اجلاس میں بلدی عہدیدار مسٹر ٹی انجنیلو، مسٹر این روی کرن، مسٹر سدھیر اور ڈاکٹر کے وینکٹیشور ریڈی کے علاوہ تلگودیشم فلور لیڈر مسٹر سنگی ریڈی سرینواس ریڈی اور دیگر موجود تھے۔ اجلاس کے دوران میئر نے عیدگاہوں کے قریب کوڑے دانوں کو فوری ہٹانے کی ہدایت دی اور کہاکہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنھوں نے ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر مساجد کے اطراف و اکناف بھی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ تمام مساجد کے ساتھ ساتھ قبرستانوں کے قریب بھی صفائی و روشنی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں متعلقہ کارپوریٹرس سے تجاویز حاصل کریں۔ اِس اجلاس کے دوران لاوارث لاشوں کی آخری رسومات کے متعلق بھی میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ گاندھی اور عثمانیہ ہاسپٹل کے مردہ خانوں میں موجود لاوارث نعشوں کی ہفتہ میں ایک مرتبہ آخری رسومات انجام دی جائیں۔ علاوہ ازیں سرکاری دواخانوں میں مچھرکش ادویات کے چھڑکاؤ کے متعلق بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ اِس سلسلہ میں فوری طور پر خصوصی مہم چلائی جائے۔