سڑکوں سے مذہبی ڈھانچہ ہٹانے کی تجویز : وزیرداخلہ

حیدرآباد ۔ 17 مارچ (این ایس ایس) تلنگانہ وزیر داخلہ این نرسمہاریڈی نے آج قانون ساز کونسل کو مطلع کیا کہ دونوں شہروں میں ٹریفک کی بلارکاوٹ آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے سڑکوں پر موجود مساجد، منادر اور دیگر مذہبی ڈھانچوں کو ہٹا کر دوسرے مقام پر منتقل کیا جائے گا۔ کونسل میں پی رویندر نے سوال کیا تھا کہ آیا ریاست تلنگانہ میں ٹریفک انتظامات کو مؤثربنانے کیلئے جدید اختراعی طریقہ اختیار کرنے کی تجویز ہے، جس پر وزیرداخلہ نرسمہاریڈی نے کہا کہ ٹریفک آمدورفت کو آسان بنانے کیلئے راستوں پر حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مسجدیں، مندریں اور دیگر مذہبی ڈھانچے جو ٹریفک کی آمدورفت میں رکاوٹ کا سبب بن رہے ہیں، سماجی و مذہبی تنظیموں سے مشاورت کے بعد جی ایچ ایم سی کی جانب سے دیگر مقامات کو منتقل کئے جائیں گے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت اس ضمن میں بہت جلد کوئی فیصلہ کرے گی۔