سچن کے سوائے کوئی بھی چائلڈ آرٹسٹ کامیاب نہیں ہوا : جونیر محمود

ممبئی ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اپنے زمانے کے مشہور چائلڈ آرٹسٹ جونیر محمود جنہوں نے بچپن سے ہی کامیڈی میں سینئر اداکار مرحوم محمود کے انداز کو اپنایا تھا اور اسی وجہ سے ان کا فلمی نام بھی جونیر محمود رکھ دیا گیا تھا، نے حالیہ ملاقات کے دوران بتایا کہ اپنے زمانے میں وہ تمام چائلڈ آرٹسٹوں میں سب سے زیادہ مہنگے آرٹسٹ تھے۔ ان کے بعد اگر کسی کا نمبر آتا تھا تو وہ ماسٹر سچن تھے جو آگے چل کر گیت گاتا چل جیسی ہٹ فلم کے ہیرو بنے۔ جونیر محمود نے جب جوانی کی دہلیز پر قدم رکھا تو انہیں ویسی کامیابی نہیں ملی جیسی انہوں نے اپنے بچپن میں دیکھی تھی۔ جونیر محمود نے اپنے زمانے کے تمام بڑے اداکاروں دلیپ کمار، دیوآنند، راجندر کمار، دھرمیندر، راجیش کھنہ، جتیندر، راجکمار، بسواجیت اور دیگر کے ساتھ کام کیا ہے۔

وہ ہیروئنس کے بھی لاڈلے ہوا کرتے تھے جہاں ان کے ناز نخرے بھی سہے جاتے تھے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ انہیں دیگر چائلڈ آرٹسٹوں کی طرح کامیابی کیوں نہیں ملی جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری بات چھوڑیئے، سچن کے علاوہ کوئی کوئی دیگر چائلڈ آرٹسٹ کامیاب نہیں ہوا۔ چاہے وہ ماسٹر شاہد ہوں یا ماسٹر النکار۔ حالیہ دنوں میں انہوں نے ارمیلا ماتونڈکر کے بارے میں کہا تھا کہ وہ کامیاب اداکارہ بن سکتی ہیں۔ معصوم فلم میں کام کرنے کے بعد ارمیلا نے کئی فلموں میں ہیروئنس کے رول کئے اور کامیابی حاصل کی۔ ویسے آج ان کا بھی ستارہ بھی گردش میں ہے۔ جب انہوں سے پوچھا گیا کہ خود اپنی فلموں میں انہیں کون سی فلمیں پسند ہیں توانہوں نے کہا کہ کارواں، پیار ہی پیار، ہرے راما ہرے کرشنا، دو راستے اور آن ملو سجنا ان کی پسندیدہ فلمیں ہیں جن میں انہیں مؤثر رول دیئے گئے تھے۔