سچن تنڈولکر اور پروفیسر سی این آر راؤ کو بھارت رتن

نئی دہلی۔/4فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) افسانوی کرکٹ کھلاڑی سچن تنڈولکر اور نامور سائنسداں پروفیسر سی این آر راؤ کو ملک کے اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ بھارت رتن سے نوازاگیا جو صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے ہاتھوں انہیں عطا کیا گیا۔ راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک مختصر سی تقریب جہاں دربار ہال میں نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری، مرکزی وزراء، سچن کی اہلیہ انجلی، دختر سارہ کے علاوہ دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال 16نومبر کو سچن تنڈولکر نے بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کرلی تھی۔ سچن تنڈولکر پہلے اسپورٹس مین ہیں جنہیں اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ سے نوازا گیا۔

انہوں نے اپنے 24 سالہ کیریئر میں کئی ریکارڈس بنائے اور کئی ریکارڈس توڑے۔ پروفیسر چنتا منی ناگیا رامچندر راؤ ٹھوس مادے اور میٹریل کیمسٹری کے شعبہ میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ انہوں نے اب تک1400 ریسرچ پیپرس اور 45کتابیں تصنیف کی ہیں۔سی وی رامن اور اے پی جے عبدالکلام کے بعد مسٹر رامچندر راؤ بھارت رتن پانے والے تیسرے سائنسداں ہیں۔ موصوف فی الحال وزیر اعظم کی سائنسی مشاورتی کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ بھارت رتن ایوارڈ کا اعلان چار سال بعد کیا گیا ہے۔ قبل ازیں آخری بار 2009ء میں ہندوستانی موسیقی کے اُستاد سمجھے جانے والے بھیم سین جوشی کو یہ باوقار ایوارڈ دیا گیا تھا۔