ممبئی۔/2مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی لیڈر ابو عاصم اعظمی نے حالانکہ ایک روز قبل ہی ایک متنازعہ بیان دیا تھا کہ وہ مسلمان جو ان کی پارٹی کووٹ نہیں دیتے، وہ سچے مسلمان نہیں ہیں۔ لیکن آج انہوں نے ایک اور بیان دیتے ہوئے کہا کہ سچا مسلمان کبھی بھی بی جے پی کو ووٹ نہیں دے گا۔ فون پر پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ بی جے پی مسلمانوں کے تئیں ہمیشہ ظالم اور ناانصاف رہے تو بتایئے کہ ایک سچا مسلمان بی جے پی کو کیسے ووٹ دے سکتا ہے؟ جب ملائم سنگھ یادو یو پی کے وزیر اعلیٰ تھے تو انہوں نے بابری مسجد کو شہید ہونے سے بچایا تھا۔ ایک وقت ایسا بھی تھا جب یو پی میں مدرسوں کو آئی ایس آئی کا گڑھ سمجھا جاتا تھا لیکن سماج وادی پارٹی کے برسر اقتدار آنے کے بعد انہیں انصاف ملا اور اب مدرسوں کو آئی ایس آئی سے وابستہ کرنے کسی کی ہمت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا یہ دعویٰ کوکھلا ہے کہ مسلمان بھی پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔ اعظمی نے ادعاکیا کہ بی جے پی کا جب بھی عوامی جلسہ ہوتا ہے
تو اسٹیج پر برقعہ پوش خواتین اور داڑھی والے مسلمانوں کو بی جے پی لیڈروں کے ساتھ بیٹھا ہوا دکھایا جاتا ہے جس سے لوگوں کو یہ دھوکہ دیا جاتا ہے کہ مسلمان بھی بی جے پی کی تائید کررہے ہیں۔دریں اثناء بی جے پی ترجمان شائنا این سی نے کہا کہ ابو عاصم اعظمی کی جانب سے ایسے بیانات صرف ووٹ بینک سیاست کا حصہ ہیں۔ کانگریس کے ترجمان سنجے جھا نے بھی الزام عائد کیا کہ مظفر نگر میں سماج وادی پارٹی فسادات کے دوران مسلمانوں کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی۔ یاد رہے کہ یو پی کے خلیل آباد میں کل ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ابو عاصم اعظمی نے کہا تھا کہ جو مسلمان سماج وادی پارٹی کوووٹ نہیں دے رہے ہیں،وہ سچے مسلمان نہیں ہیں۔ بی جے پی کے شاہنواز حسین نے بھی ابو عاصم اعظمی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ کیا ملائم سنگھ مسلمانوں کو جنت میں لے جائیں گے؟۔