سپ بلاٹر کو کرپشن کا طوفان فیفا کی رائے دہی جیتنے سے روک نہ سکا!

زیورخ ، 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سپ بلاٹر نے فیفا کی صدارت آج پانچویں مرتبہ جیت لی جب اُن کے چیلنجر پرنس علی بن ال حسین طئے شدہ دوسرے راؤنڈ کی رائے دہی سے عین قبل دستبردار ہوگئے۔ ویٹرن طاقتور سوئس شخصیت مطلوبہ 140 کی اکثریت سے پہلے راؤنڈ کی ووٹنگ میں صرف 7 ووٹ کم رہ گئے تھے۔ سکنڈ راؤنڈ شروع ہونے ہی والا تھا کہ اردنی شہزادہ ( نائب صدر فیفا) جنھوں نے اصلاحات کی ضرورت پر مہم چلائی تھی، انھوں نے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے ان ’’حوصلہ مند‘‘ ووٹرس کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے اُن کے حق میں ووٹ دیئے۔ 79 سالہ بلاٹر 1998ء سے فیفا کے صدر رہے ہیں اور سبکدوش ہوجانے کیلئے یورپی اپیلوں کو بے اثر کرچکے ہیں کیونکہ کرپشن کے اسکینڈلس کئی بلین ڈالر والے اس ادارہ کی امیج بگاڑ رہے ہیں۔