نئی دہلی، 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے ملک کے نئے چیف جسٹس ( سی جے آئی) کے طور پر جسٹس رنجن گوگوئی کی تقرری کو چیلنج دینے والی عرضی بدھ کے روز خارج کر دی۔ چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی بنچ نے وکیل ستیہ ویر شرما اور آر پی لوتھرا کی عرضی یہ کہتے ہوئے مسترد کر دی کہ یہ قابل غور نہیں ہے ۔جسٹس دیپک مشرا نے کہا کہ "ہمارا خیال ہے کہ اس معاملے میں اس وقت مداخلت نہیں کی جاسکتی ہے "۔ درخواست گزار نے اپنی اپیل میں کہا تھا کہ وہ قانون کے سوال پر انصاف کی توقع کر رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ 12 جنوری کو جسٹس گوگوئی اور دیگر تین ججوں کی طرف سے منعقد ہ پریس کانفرنس کے معاملے کو بنیاد بنا کر عرضی دائر کی تھی۔ اس پریس کانفرنس میں جسٹس گوگوئی کے علاوہ جسٹس (اب ریٹائرڈ) جستی چیلمیشور، جسٹس مدن بی لوکر اور جسٹس کورین جوزف شامل ہوئے تھے ۔