سپریم کورٹ کی نگرانی میں

مظفر پور جنسی استحصال معاملے کی جانچ کرانے کانگریس کا مطالبہ
نئی دہلی۔28 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے بہار حکومت پر ریاست کے مظفر پور بچہ گھر ہاسٹل میں بچیوں کے جنسی استحصال کے ملزم کو بچانے کا الزام لگاتے ہوئے معاملے کی جانچ سپریم کورٹ کی نگرانی میں مرکزی تفتیشی بیورو ( سی بی آئی) سے کرانے اور الزامات کے گھیرے میں آنے والے دیگر تمام بچہ گھروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا آج مطالبہ کیا۔ کانگریس کے ترجمان اور بہار کے انچارج شکتی سنگھ گوہل اور پرینکا چترویدی، بہار سے پارٹی کی لوک سبھا رکن رنجیت رنجن اور دہلی پردیش کانگریس کی صدر شرمشٹھا مکھرجی نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بہار سماجی بہبود محکمہ کی طرف سے حکومت کی مدد سے ریاست کے 38 اضلاع میں چلنے والے 110 بچہ گھروں کا آڈٹ کرایا گیا جس نے انکشاف کیا ہے کہ مظفر پور کے بچہ گھر ہاسٹل سمیت ریاست کے کل 15 بچہ گھروں میں بچیوں کا جنسی استحصال ہوا ہے ۔