جمہوریت اور سیکولر بنیادوں کی فتح : سی پی آئی ایم ، وی ایچ پی اور عآپ کا خیرمقدم
نئی دہلی ۔2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا جس کے ذریعہ مذہب کے نام پر ووٹ مانگنے سے انکار کردیا ہے ، اور کہا کہ اس طرح یہ بات دوبارہ ثابت ہوگئی کہ وہ بنیادی اقدار کیا ہیں جن پر ملک کی بنیاد رکھی گئی ہے ۔فیصلے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے کہاکہ اس سوال کا مخاطب درحقیقت بی جے پی ہے ، لیکن اس سے بھی زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ یہ ایک بہترین فیصلہ ہے جس کا ہر ایک کو خیرمقدم کرنا چاہئے ۔ سی پی آئی ایم کے سکریٹری جنرل سیتا رام یچوری جنھوں نے اس مقدمہ میں ایک مداخلت کی درخواست پیش کی تھی ، ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ یہ ہندوستان کی سیکولر اور جمہوری بنیادوں کی فتح ہے ۔ مذہبی اور فرقہ پرست شخصیات کی ناکامی ہے ، جنھیں سپریم کورٹ نے سیاست سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا جس نے امیدواروں کو مذہب ، نسل ، ذات پات ، برادری یا زبان کی بنیاد پر ووٹ مانگنے سے منع کیا ہے ۔ وشواہندو پریشد کے جوائنٹ جنرل سکریٹری سریندر جین نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ذات پات ، برادری اور مذہب کی بنیاد پر سیاست سے ملک کو بہت زیادہ نقصان پہنچ چکا ہے اور سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد مزید نقصان کی گنجائش نہیں رہی ۔