سپریم کورٹ کابھگورا کی عرضی پر سماعت کرنے سے انکار

نئی دہلی، 30مئی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے 2002کے گجرات کے بلقیس بانو عصمت دری معاملے میں قصور وار آئی پی ایس افسر آر ایس بھگورا کی عرضی پر فوراً سماعت کرنے سے آج انکار کردیا۔بھگورا کوبمبئی ہائی کورٹ نے اس معاملے میں قصوروار قرار دیا تھا۔ انہوں نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔جسٹس ارجن کمار سکری کی صدارتی والی بنچ نے کہا کہ اس معاملے کی فوری سماعت کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ بنچ نے کہا کہ عرضی گذار کی عرضی پر سماعت کے کوئی جلد بازی نہیں ہے ۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ اس معاملے کی اگلی سماعت جولائی کے دوسرے ہفتے میں کرے گا۔ بھگورا نے عدالت عظمی سے ان کی سزا پر روک لگانے کی اپیل کی ہے ۔مہاراشٹر کی ایک مقامی عدالت نے اس معاملے میں بھگورا کو بے گناہ قرار دے دیا تھا۔ خیال رہے کہ گجرات فسادات کے دوران 19سالہ بلقیس کی اجتماعی عصمت دری کی گئی تھی ۔ فسادیوں نے بلقیس کے خاندان کے لوگوں کو مار ڈالا اور اس کے ساتھ عصمت دری کی ۔اس وقت وہ حاملہ تھیں۔