سی بی آئی سابق ڈائریکٹر کیخلاف خصوصی تحقیقات ٹیم تشکیل
نئی دہلی۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج سی بی آئی ڈائریکٹر کی زیرقیادت ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے تاکہ کوئلہ اسکام کیس کی تحقیقات میں اثرانداز ہونے کی کوششوں سے متعلق سی بی آئی کے سابق ڈائریکٹر رنجیت سنہا کے خلاف بادی النظر میں الزامات کی جانچ کی جاسکے۔ جسٹس ایم بی لوکر کی زیرقیادت بینچ نے کہا کہ سی بی آئی ڈائریکٹر تحقیقات میں اعانت کیلئے اپنی پسند کے 2 عہدیداروں کی عدالت کو مطلع کرنے کے بعد خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔ سپریم کورٹ بینچ جوکہ جسٹس کورین جوزف اور جسٹس اے کے سیکری پر مشتمل ہے، بتایا کہ سی بی آئی کے سابق اسپیشل ڈائریکٹر ایم ایل شرما کی زیرقیادت پیانل سے بادی النظر میں پایا کہ رنجیت سنہا نے کوئلہ اسکام کیس پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے۔ بینچ نے کہا کہ چونکہ سی بی آئی کے سربراہ تبدیل ہوگئے ہیں لیکن سی بی آئی پر ہمارا اعتماد برقرار ہے گوکہ ہم (بینچ)، ایم ایل شرما کمیٹی رپورٹ پر معرض التواء رٹ عرضی کے بارے میں کوئی رائے زنی نہیں کررہے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ اس کیس میں قانونی معاملت میں سی بی آئی ڈائریکٹر کی اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر برائے کوئلہ اسکام کیس کا سینئر ایڈوکیٹ اور ایس چھیما اعانت کریں گے جبکہ سی بی آئی ڈائریکٹر سے کہا گیا ہے کہ آئندہ سماعت تک اپنی ٹیم اور تحقیقات کی مدت کے بارے میں مطلع کریں۔