نئی دہلی / ممبئی ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک درخواست ضمانت جو سپریم کورٹ میں بامبے ہائی کورٹ کی اداکار سلمان خان کو عبوری ضمانت منظور کرنے کے خلاف پیش کی گئی ہے آج سماعت کیلئے قبول کرلی گئی ۔ سلمان خان کو ہٹ اینڈ رن مقدمہ میں پانچ سال کی سزائے قید سنائی گئی ہے ۔ اس درخواست میں جو چیف جسٹس آر ایل دتو کی زیر قیادت ایک بنچ کے اجلاس پر داخل کی گئی ہے عاجلانہ سماعت کی کوئی دلیل پیش نہیں کی گئی کیونکہ یہ مقدمہ کل ہائی کورٹ میں سماعت کیلئے پیش کیا جانے والا ہے ۔ دریں اثناء بامبے ہائیکورٹ پر تمام نظریں لگی ہوئی ہیں جہاں کل بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت مقرر ہے۔ 2002ء ٹکر اور فرار کیس میں سزاء سنائی جانے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ درخواست ضمانت بھی دی گئی ہے۔ سلمان خان کی اپیل کو جسٹس ابھئے تھپسے کے بنچ پر سماعت کیلئے قبول کرلیا گیا ہے۔ سلمان خان کو مختلف الزامات کے تحت 5 سال کی قید بامشقت کی سزاء سنائی گئی ہے۔ تحت کی عدالت نے انہیں خاطی پایا ہے۔ اسی دوران بالی ووڈ کے دیگر اداکاروں خاص کر سوپر اسٹار عامر خان، ڈائرکٹر کرن جوہر، کرینہ کپور اور وحیدہ رحمن نے سلمان خان کی رہائش گاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی اور اظہاریگانگت کیا۔ انداز اپنا اپنا کے ساتھی اداکار کے حوصلے بڑھانے کیلئے عامرخان نے ملاقات کی ہے۔