سپریم کورٹ جسٹس کے عہدہ کیلئے نامزد شخصیات میں ہندوستانی نژاد امریکی بھی شامل

واشنگٹن ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی نژاد امریکی ماہر قانون امول تھاپر کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ جسٹس انتھونی کینیڈی کی جگہ نامزد کئے جانے والے 25 ناموں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 81 سالہ کینیڈی نے کل یو ایس سپریم کورٹ سے اپنی سبکدوشی کا اعلان کیا تھا اور بعدازاں صدر ٹرمپ سے وائیٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔ قبل ازیں انہوں نے سپریم کورٹ میں اپنے تمام ساتھیوں سے یہ بھی کہا تھا کہ 31 جولائی ان کے کام کا آخری دن ہوگا۔ یاد رہے ٹرمپ نے کینیڈی کی جگہ مقرر کرنے کیلئے جن 25 ناموں کی فہرست تیار کی ہے ان میں 49 سالہ امول تھاپر بھی شامل ہیں۔ اسی دوران ٹرمپ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہیریٹیج فاؤنڈیشن اور فیڈرلسٹ سوسائٹی کی جانب سے 25 ناموں کی جو فہرست تیار کی گئی ہے ان میں سے کسی کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ تھاپر نے 1991ء میں بوسٹن کالج سے بی ایس کیا اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے سے جے ڈی کی تکمیل کی۔