نئی دہلی ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت نے سابق سالیسیٹر جنرل گوپال سبرامنیم کے بحیثیت سپریم کورٹ جج تقرر کے معاملہ میں عدلیہ کی سفارشات کو نظرانداز کردیا ہے۔ حکومت نے گوپال سبرامنیم کو سپریم کورٹ جج مقرر نہیں کیا جس پر انہوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ سہراب الدین شیخ فرضی انکاونٹر مقدمہ میں گوپال سبرامنیم امیکس کیوری (رابطہ کار) تھے اور ان کی کوششوں کی وجہ سے سپریم کورٹ نے یہ حساس مقدمہ سی بی آئی کے حوالے کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا تھاکہ سہراب الدین اور اس کی اہلیہ کوثر بی کو گجرات پولیس نے ہلاک کیا ہے۔ گوپال سبرامنیم کی وجہ سے ہی امیت شاہ آج قتل کے مقدمہ کا سامنا کررہے ہیں۔ حکومت نے مقررہ طریقہ کار سے انحراف کرتے ہوئے گوپال سبرامنیم کو سپریم کورٹ کا جج مقرر نہیں کیا ہے۔ مودی حکومت نے گوپال سبرامنیم کے الزام پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔