شکایتوں کی وصولی پر وزیر پدما راؤ گوڑ کا اچانک دورہ ، طلباء اور اساتذہ سے ملاقات
حیدرآباد۔25جنوری(سیاست نیوز)ریاستی وزیربرائے یوتھ ویلفیر‘ اسپورٹس و آبکاری مسٹر پدما رائو گوڑ نے خلوت موتی گلی میں واقع سٹ ون سنٹر کااچانک دورہ کرتے ہوئے یہاں پر تربیت حاصل کرنے والے طلبہ سے ملاقات کی اور سٹ ون کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات حاصل کی ۔سنٹر میںتربیت حاصل کرنے والے لڑکے اور لڑکیوں سے اپنا تعارف کرواتے ہوئے کہاکہ انہیں شکایت موصول ہوئی کہ اساتذہ دلچسپی کے ساتھ انہیں ٹریننگ نہیں دے رہے ہیںجس پر طلبہ نے ٹریننگ اور سنٹر میں فراہم کی جارہی سہولتوں سے وزیر کو واقف کروایا۔ مسٹر پدما رائو گوڑ نے تقریبا دو گھنٹوں تک سنٹر کا معائنہ کیا اور آٹو الکٹریشن ‘ ہاوز وائیرنگ‘ ڈیزل اور پٹرول گاڑی میکانک ‘ ٹیلرنگ‘ کارچوپ‘ مہندی ڈیزائنگ‘ بیوٹیشن کی تربیت حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیرمین سٹ ون میرعنایت علی باقری‘ ایم ڈی کے وینوگوپال ‘ ٹی آ رایس قائد عبدالمقیت چندا ‘ ایم اے ذیشان اور دیگر بھی موجود تھے۔اسی دوران مسٹر پدما رائو گوڑ نے سٹ ون ویب سائیٹ کی بھی رسم اجرائی انجام دی۔ بعدازاں انہوں نے کہاکہ سٹ ون کے متعلق کئی غلط فہمیاں تھی مگر جب میںنے یہا ں کا دورہ کیاتو مجھے اس بات کی مسر ت ہوئی یہا ںسے اب تک کئی نوجوان لڑکے او رلڑکیوں نے تربیت حاصل کی ہے جن میں سے چار لاکھ سے زائد برسر روزگار بھی ہوئے اور کئی ذاتی طور پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جب میں نے بیوٹیشن اور مہندی ڈیزائنگ کی تربیت حاصل کرنے والے لڑکیوں سے ملاقات کی تو انہوں نے بتایا کہ شادی کے سیزن میں یومیہ تین تاچار ہزار روپئے آسانی کے ساتھ کمالیتی ہیں اور کبھی کبھی تو ایک سے زائد آرڈرس مل جاتے ہیں۔ مسٹر پدما رائو گوڑ نے کہاکہ پرانے شہر کے سٹ ون سنٹر کا معائنہ کرنے کے بعد میں نے یہ فیصلہ کیاہے میرے اسمبلی حلقہ سیتا پھل منڈی میں بھی ایک مرکز قائم کروں۔ انہوں نے ریاست کے چار اضلاع میںسٹ ون کے مراکز پہلے سے کام کررہے ہیں اور دیگر اضلاع میں بھی اس کو وسعت دینے کاکام کیاجارہا ہے ۔ حکومت نوجوانوں کو روزگار اور ہنر سے جڑنے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ کام کررہی ہے۔ سٹ ون کو مزید عصری بنانے او رزیادہ سے زیادہ نوجوان لڑکے لڑکیوں تک سٹ ون کی رسائی کے لئے حکومت تلنگانہ بالخصوص یوتھ ویلفیر کی جانب سے لا محدود بجٹ کی اجرائی عمل میںلائی جائے گی۔ انہو ںنے کہاکہ خوش حال او رسنہرے تلنگانہ ریاست کے خواب کو پورا کرنے کے لئے ریاست میںتمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت تلنگانہ کا اولین فریضہ ہے۔انہوں نے کہاکہ سٹ ون کی سند رکھنے والے نوجوانوں کو سرکاری شعبوں میں بھی ترجیح دی جاتی ہے ۔ انہو ںنے تربیت حاصل کرنے والے لڑکے او رلڑکیوں کے ساتھ نیک تمنائوں کا اظہار کیاہے۔