سٹ ون بسوں پر نظر رکھنے کے لیے عصری ٹکنالوجی نصب کرنے کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر کی تنگ گلیوں اور سڑکوں میں عوامی حمل و نقل کے لیے عام بسوں کی جگہ سٹ ون کی چھوٹی بسیں اہم رول ادا کرتی ہیں لیکن پرانے شہر کے اکثر علاقوں اور اہم مقامات پر سٹ ون کے وقت پر نہ آنے یا پھر سٹ ون کی خدمات میں اوقات کی عدم پابندی سے عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ لہذا حکام نے اس مسئلہ کو حل کرنے اور سٹ ون بسوں پر ہر آن نظر رکھنے کے لیے اس میں ریڈیو فریکونیسی آئی ڈینٹیفیکشن ( آر این آئی ڈی ) نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دوسری جانب ٹی ایس آر ٹی سی کے ڈرائیورس نے بھی شکایت کی ہے کہ جن راستوں اور علاقوں پر ان سٹ ون بسوں کی خدمات فراہم نہیں کی گئی ہیں ان راستوں پر بھی یہ بسیں چل رہی ہیں ۔ لہذا آر ایف آئی ڈی کے ذریعہ نہ صرف سٹ ون بسوں کی حمل و نقل پر نظر رکھی جاسکے گی بلکہ ان کے موجود ہونے کے مقام کا بھی پتہ چلایا جاسکے گا ۔ دونوں شہروں میں اس وقت 100 سٹ ون بسیں اپنی خدمات فراہم کررہی ہیں جو کہ سٹ ون ٹرانسپورٹ سرویس کے تحت اپنی خدمات انجام دیتی ہیں ۔ جن سے سکندرآباد ، دلسکھ نگر ، مہدی پٹنم ، لنگر حوض اور امیر پیٹ کے راستوں پر روزانہ 50 ہزار مسافرین استفادہ کرتے ہیں ۔ آر ٹی سی عہدیداروں کے بموجب منی بسیں آر ٹی سی کے راستوں پر اپنی خدمات فراہم کررہی ہیں ۔ جن سے آر ٹی سی کو نقصان ہورہا ہے اور اس کا مالیہ متاثر ہورہا ہے ۔ آر ٹی سی کے مالیہ شعبہ کے ایکزیکٹیو ڈائرکٹر پرشوتھم نائیک نے کہا کہ آر ٹی سی کے راستوں پر منی بسوں کے چلنے سے محکمہ کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے جب کہ عوام بھی اصل مقامات پر ان خدمات سے استفادہ نہیں کر پارہی ہے ۔ لہذا قریبی نگہداشت کے لیے منی بسوں میں آر ایف آئی ڈی نظام نصب کیا جائے گا ۔۔