سٹی آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو محفوظ سفر کی سہولت

حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ مسٹر مہیندر ریڈی نے سٹی بسوں میں خواتین کے تحفظ کے لیے فراہم کردہ سلائیڈنگ ڈور کا مشاہدہ کیا ۔ وزیر آج یہاں نامپلی علاقہ میں واقع پٹی سری راملو یونیورسٹی کے قریب بس میں سوار ہو کر اس کا مشاہدہ کیا اور خواتین سے دوران سفر ان کو ہونے والی تکلیف سے واقفیت حاصل کی ۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ آر ٹی سی بسوں میں مرد حضرات کے لیے عقبی دروازہ جب کہ خواتین کے لیے اگلے دروازہ سے بسوں میں سوار اور اترنے کی سہولت فراہم کی ہے ۔ انہوں نے بسوں میں فراہم کردہ سلائیڈنگ دروازوں پر کہا کہ اس کا اہم مقصد خواتین کو آسان اور محفوظ سفر فراہم کرنا ہے ۔ اس سہولت سے مرد حضرات اب خواتین کی نشستوں پر قبضہ نہیں کرپائیں گے ۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے مزید کہا کہ دونوں شہروں کی 2400 بشمول رنگاریڈی ضلع کے چند بسوں میں پہلے مرحلے کے تحت سلائیڈنگ ڈورس کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اور مستقبل قریب میں مرحلہ وار تمام بسوں میں بھی اس طرح کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ وزیر نے کہا کہ خواتین کی اکثریت نے حکومت کے اس اقدام کی ستائش کی ۔ میٹرو اور ڈیکلس میں بھی سلائیڈنگ کی سہولتوں کے لیے تجویز حاصل ہونے کے بعد عمل کیا جائے گا ۔ اس موقع پر وائس چیرمین و مینجنگ ڈائرکٹر پورنا چندر راؤ ، پی وی رمنا راؤ جائنٹ مینجنگ ڈائرکٹر کے علاوہ آر ٹی سی کے عہدیدار کرن کمار اور دیگر بھی موجود تھے ۔۔