سٹیزن شپ بل : اے جی پی کو شیوسینا کی تائید

ممبئی ۔ 19 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے لیفٹننٹ گورنر کے دفتر میں دھرنا کی تائید کے ایک روز بعد شیوسینا نے آج آسام گن پریشد ( اے جی پی ) سے اپنی ہمدردیوں کا اظہار کیا جو مرکز کے سٹیزن شپ ( ترمیمی ) بل کی مخالفت کررہی ہے ۔ اُس نے کہاکہ 2014 ء کا ’’سیاسی حادثہ ‘‘ (بی جے پی کا زبردست اکثریت کے ساتھ برسراقتدار آجانا ) آئندہ سال کے عام انتخابات میں پیش نہیں آئے گا ۔ وزیراعظم نریندر مودی کو اُن کے بار بار بیرونی دوروں پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سینا نے کہا کہ ایسے وقت جب ہندوستان میں گرد و غبار کے طوفان آرہے ہیں ، وزیراعظم زیادہ تر ملک سے باہر رہتے ہیں اور اُنھیں اس بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہوتی ، اور نہ ہی وہ اس سے متاثر دکھائی دے رہے ہیں۔ سینا نے کہا کہ اے جی پی نمائندوں نے گزشتہ روز پارٹی سربراہ اُدھو ٹھاکرے کی یہاں واقع قیامگاہ ’ماتوشری‘ کا دورہ کیا ۔ وہ چاہتے ہیں کہ سینا قومی سطح پر علاقائی پارٹیوں کے مخلوط کی قیادت کرے ۔ شیوسینا نے پارٹی ترجمان ’سامنا‘ میں اداریہ کے ذریعہ ان تبدیلیوں سے واقف کرواتے ہوئے نشاندہی کی کہ اے جی پی آسام میں بی جے پی کی حلیف ہے مگرسٹیزن شپ بل کی مخالف ہے ۔