سُنم چیرو تالاب میں کچرے کا انبار اور تعفن

اطراف واکناف تعمیرات ، وبائی امراض سے عوام پریشان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : حلقہ اسمبلی کوکٹ پلی کے اللہ پور بلدی ڈیویژن میں موجود سُنم چیرو جو 24 ایکڑ پر مشتمل تھا اب کچھ ایکڑ پر باقی رہ گیا ہے ۔ اطراف و اکناف مکانات کی تعمیر کے باعث تالاب مکمل طور پر چھوٹا ہوگیا ہے اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سُنم چیرو میں اطراف اکناف کے سلم علاقوں کا گندہ پانی جمع ہو کر گندگی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اس کی وجہ سے فضائی آلودگی پھیل رہی ہے ۔ یہاں کے قدیم مکینوں کا کہنا ہے کہ سُنم چیرو کا پانی قابل استعمال تھا یہاں سے لوگ پانی کو گھریلو استعمال کے لیے حاصل کرتے تھے یہاں کے قدیم افراد جو گذشتہ 40 برس سے یہاں مقیم ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اللہ پور اور بورا بنڈہ کے لوگ اس تالاب کا پانی استعمال کیا کرتے تھے لیکن آہستہ آہستہ آبادی کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ تالاب پر بھی قبضہ ہوتا گیا ۔ اب جو باقی ہے فوری اس کی حصار بندی کرنا ضروری ہوگیا ہے ۔ یہاں پر موجود اطراف و اکناف کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ہر گھر میں کوئی نہ کوئی فرد بیمار ہے ۔ بخار ، دست وغیرہ سے متاثر ہیں یہاں ایک بات قابل ذکر ہے کہ کچھ ہفتہ قبل یہاں اس تالاب کا دورہ کرنے والوں رکن اسمبلی مسٹر ایم کرشنا راؤ ، ڈیویژن کارپوریٹر محترمہ صبیحہ بیگم کے علاوہ محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں نے دورہ کیا تھا اور فوری طور پر تالاب کی حصار بندی کرنے کے لیے عملی طور پر اقدامات کی بات کہی تھی ۔ لیکن آج تک یہاں کسی قسم کے کاموں کا آغاز نہیں ہوا ہے ۔ اس وقت جب دورہ کیا تھا تب اس تالاب کو منی ٹینک بینڈ کے طور پر بنانے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا لیکن کچھ بھی نہ ہوپایا ہے ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اطراف کی جھونپڑیوں میں رہنے والے غریب افراد کافی متاثر ہورہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ فوری طور پر تالاب کی حصار بندی کریں اور اس تالاب میں گندگی کو صاف کرائیں ۔ یہاں کے مکینوں نے خاص طور پر ڈیویژن کارپوریٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس مسئلہ کی یکسوئی کے لیے عملی طور پر اقدامات کریں ۔۔