سنگاپور۔ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک 33 سالہ ہندوستانی خاتون جس کی بے سَر کی نعش سنگاپور کے دریائے وہامیوا میں ڈسمبر 2013ء میں تیرتی ہوئی پائی گئی تھی، اسے دراصل اس کے شوہر نے قتل کردیا تھا۔ کارونر کی عدالت سے جاری ایک رپورٹ میں یہ بات کہی گئی۔ اطلاعات کے مطابق جوبدر کور کو اس کے شوہر نے بحث و تکرار کے دوران گردن پر ایک گھونسہ رسید کردیا تھا جس سے وہ پلنگ پر گر گئی تھی۔ 35 سالہ شوہر ہرویندر اس کے بعد مکان سے چلا گیا۔ شام میں جب وہ واپس آیا تو اس نے اپنی بیوی کو پلنگ پر بالکل اسی حالت میں پڑے ہوئے دیکھا جہاں وہ اسے چھوڑ کر گیا تھا۔ اس نے بوکھلاہٹ میں نعش کو ٹھکانے لگانے کیلئے اپنے ایک دوست گرشرن سے مدد مانگی اور دونوں نے اسے دریا میں پھینک دیا۔