سویڈن کے شہریوں کو عنقریب ای ویزا :صدر جمہوریہ

اسٹاک ہوم 2 جون (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان جلد ہی سویڈن کے شہریوں کو ای ویزا عطا کرے گا ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج حکومت کے پسندیدہ پروگرام ’’میک ان انڈیا ‘‘ کی سویڈن میں پہل کرتے ہوئے ایک سمینار سے خطاب کیا جس کا موضوع ’’ہندوستان اور سویڈن‘‘باہم ایک درخشاں مستقبل کے خالق ‘‘ تھا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہندوستان اور سویڈن اپنی توانائیاں یکجا کریں تو ان تمام چیلنجس کا سامنا کرسکتے ہیں جو ہندوستان کو درپیش ہیں ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ مسائل کا حل کئی فوائد کا حامل ہے ۔ صرف دو ممالک کو اس سے فائدہ نہیں ہوگا ۔ بلکہ پوری دنیا اس سے فائدہ اٹھائے گی ۔ سمینار سے پہلے صدر جمہوریہ نے سویڈن کی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقات کر کے انہیں ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی ۔ سی ای اوز نے صدر جمہوریہ سے کہا کہ وہ حکومت کے فیصلہ کے منتظر ہیں جو جی ایس ٹی کے بارے میں کیا جائے گا ۔