وٹیکن سٹی۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی سوڈان کے قائدین آئندہ ہفتہ وٹیکن کا دورہ کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک دوسرے کے سیاسی حریف صدر سلواکیر اور باغی قائد و سابق نائب صدر ریک ماچر 9 اور 10 اپریل کو وٹیکن کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر وٹیکن کے ترجمان ایسانڈو گیسوٹی نے کہا کہ آئندہ ہفتہ وٹیکن سٹی میں سوڈانی قائدین کیلئے ایک روحانی کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کی توثیق ہوچکی ہے۔ سوڈان سے 2011ء میں آزادی حاصل کرنے کے بعد عالمی نقشہ پر جنوبی سوڈان بھی ایک نئے ملک کی حیثیت سے ابھرا تھا تاہم کیر اور ماچر کے درمیان سیاسی رقابت اور مخاصمت نے 2013ء میں ایک پرتشدد صورتحال اختیار کرلی تھی جہاں تشدد پھوٹ پڑنے کے علاوہ عصمت ریزی اور نسل کشی کے واقعات بھی پیش آئے تھے جس پر اقوام متحدہ نے بھی جنوبی سوڈان کی حکومت کو انتباہ دیا تھا کہ ملک میں تشدد کو فوری روک دیا جائے۔ 380,000 افراد ہلاک ہوئے تھے (جو کسی بھی صورت میں معمولی اعداد نہیں ہیں) اور 4 لاکھ افراد وہاں سے اپنے مکانات چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ پوپ فرانسیس نے بھی جنوبی سوڈان کے حالات پر ہمیشہ اپنی تشویش کا اظہار کیا۔