سوڈان میں طیارہ تباہ ،17 مسافر ہلاک ، تین زندہ بچ گئے

جوبا ۔ /9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی سوڈان میں ایک مقامی عہدیدار نے آج کہا کہ ایک طیارہ جھیل میں گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجہ میں کم سے کم 17 افراد ہلاک ہوگئے ۔ مقامی حکومت کے وزیر اطلاعات ایرول کے بانی ریبل ایگویک نے کہا کہ 19 نشستوں پر مشتمل چھوٹا تجارتی طیارہ دارالحکومت جوبا سے سفر کررہا تھا اور طیارہ کے حادثہ کی تحقیقات جاری ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ تین زندہ بچ جانے والوں میں ایک چھ سالہ لڑکا ، ایک شخص اور ایک یوروپی باشندہ شامل ہے ۔ جس کی حالت تشویشناک ہے اور آپریشن کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کے مقام پر ہرطرف نعشیں پڑی ہیں ۔ ایرول مشرقی افریقہ کے اس جنگ زدہ ملک کا وسطی حصہ ہے ۔