خرطوم۔23 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) سوڈانی صدر عمر البشیر نے ایک سال کیلئے ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے اور انہیں دوسری معیادکار کیلئے اجازت دینے والی آئینی ریفارم کو معطل کرنے کا پارلیمنٹ کو حکم دیا ہے ۔ عمر نے اس کے علاوہ قومی حکومت اور ریاستی حکومت کو برخاست کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔سوڈان ٹریبون کے مطابق ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں دو مہینے کے سیاسی بحران کے درمیان مظاہروں کو سختی سے کچل دیا گیا جس میں 30 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ جس کے بعد صدر نے جمعہ کی رات یہ اعلان کیا۔ صدر نے کہا کہ ایک نئی حکومت ٹھوس معاشی اقدامات کرے اور وہ بات چیت کا عمل پورا ہونے تک حکومت چلانے کا کام ایک ایگزیکٹیو ٹیم کو سونپیں گے ۔انہوں نے پارلیمنٹ سے آئینی تبدیلی کو معطل کرنے کی درخواست بھی کی ہے جو انہیں ایک نئے معیاد کار سنبھالنے کی اجازت دیتی ہے ۔انہوںنے سیاسی ہدف کے طور پر قومی معاہدے کو حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت کے علاوہ اور کوئی متبادل نہیں ہے ۔صدر نے مظاہرہ کررہی طاقتوں سے موجودہ اور مستقبل کے مسائل پر بات چیت کیلئے قومی بات چیت میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے ۔انہوںنے مظاہرین کے ملک کی معاشی صورت حال میں بہتری لانے اور دیگر مطالبوں کو تسلیم کیا ہے ۔