سوڈان میں احتجاجیوں کیساتھ بات چیت 72 گھنٹوں تک معطل

خرطوم ۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سوڈان کے فوجی حکمراں جنرل عبدالفتاح البرہان نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوری (عوامی) حکومت کے قیام کیلئے احتجاجیوں سے کی جانے والی بات چیت 72 گھنٹوں کیلئے معطل کردی گئی ہے۔ البرہان نے یہ بات سرکاری ٹیلیویژن کے ایک ٹیلی کاسٹ میں یہ کہی جس کے مطابق انہوں نے معاہدہ کو قطعیت دینے کیلئے درکار سازگار ماحول پیدا کرنے کی تیاریوں کیلئے بات چیت کو 72 گھنٹوں تک معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے احتجاجیوں سے البتہ یہ مطالبہ کیا کہ وہ تشدد اور توڑپھوڑ سے باز آجائیں اور سڑکوں کی جس طرح ناکہ بندی کردی گئی ہے، پلوں کو بند کردیا گیا ہے لہٰذا ناکہ بندی ختم کرتے ہوئے پلوں کو دوبارہ کھولا جائے جن کے ذریعہ ملک کے دارالحکومت سے سڑک رابطہ ہے۔ ایسا کرتے ہوئے احتجاجی دراصل سیکوریٹی فورسیس کو مشتعل کررہے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ فوجی جنرلس اور احتجاجی قائدین ایک ایسی حکمراں مجلس تشکیل دینے والے ہیں جو تین سال تک سوڈان پر حکمرانی کرسکے۔