سوڈان: عبوری کونسل نے مذاکرات روک دیئے اندرون 9ماہ نتخابات کا اعلان

خرطوم۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) سوڈان میں عبوری عسکری کونسل کے سربراہ جنرل رکن عبدالفتاح البرہان نے اعلان کیا ہے کہ کونسل نے فریڈم اینڈ چینج فورسز کے ساتھ مذاکرات روک دیے ہیں اور ان تمام امور کو بھی منسوخ کر دیا ہے جن پر اب تک اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ البرہان کے مطابق آئندہ نو ماہ کے اندر عام انتخابات کا اجرا ہو گا۔منگل کو علی الصبح سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے بیان میں عسکری کونسل کے سربراہ نے مزید کہا کہ “انتخابات کا انعقاد علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر نگرانی کے ذریعے ہو گا”۔البرہان نے پیر کے روز خرطوم میں دھرنے کے مقام پر پیش آنے والے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور استغاثہ سے ان واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔عبوری کونسل کے سربراہ کے مطابق سوڈان پر حکمرانی کا راستہ بیلٹ بکس ہے۔البرہان نے واضح کیا کہ مذاکرات کو طول دینے ،ذمہ داری فریڈم اینڈ چینج فورسز پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “عبوری مرحلے کی ذمے داریاں انجام دینے کے واسطے نگراں حکومت تشکیل دی جائے گی”۔