لاہور ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سوڈان کے صدر عمر البشیر کے خصوصی طیارے کو پیر اور منگل کی شب لاہور کے علامہ اقبال انٹرنینشل ائرپورٹ پر اس وقت ہنگامی طور پر اترنا پڑا جب وہ چین کے دورے پر جا رہے تھے۔ ائرپورٹ ذرائع کے مطابق صدر عمر البشیر کے طیارے کو ایندھن کم ہونے کی بنا پر ہنگامی طور پر لاہور اتارا گیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ اور دیگر اعلی حکام ہوائی اڈے پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سوڈانی صدر کو خوش آمدید کہا۔ اطلاعات کے مطابق صدر عمر البشیر دو گھنٹے تک ہوائی اڈے کے وی آئی پی لاؤنج میں پاکستانی حکام کے ساتھ رہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈانی صدر کے جہاز میں ایندھن بھرا گیا، جسکے بعد وہ اپنی منزل کو روانہ ہو گئے۔ یاد رہیکہ صدر عمر البشیر جنوبی سوڈان میں مبینہ جنگی جرائم کے سلسلے میں عالمی جرائم عدالت کو مطلوب ہیں اور ان کے وارنٹ جاری ہو چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود وہ آزادانہ نقل و حرکت کرتے رہتے ہیں۔
تین پاکستانی طالبان ہلاک
لاہور ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) تین پاکستانی طالبان عسکریت پسند جن پر شبہ ہے کہ وہ مارچ میں دو گرجا گھروں پر حملہ میں ملوث تھے، آج پولیس حوالات توڑ کر فرار ہونے کی ناکام کوشش کے دوران ہلاک کردیئے گئے۔ لاہور پولیس کے سربراہ امین وینس نے کہا کہ تین مشتبہ طالبان پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ انہوں نے اپنے ساتھی کی مدد سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ مہلوکین کے نام حسن پنجابی ، شاہ قانون اور محمد عمران تھے۔