سوچی اولمپکس، امریکہ اپنے شہریوں کی سکیوریٹی کیلئے تیار

واشنگٹن 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے روس کے شہر سوچی میں آئندہ ماہ سے منعقد شدنی اولمپکس کے دوران امریکی شہریوں کو درپیش کسی بھی سکیورٹی خطرہ سے بچانے کے لئے اُن کے انخلاء کے لئے بھی قبل ازوقت انتظامات کرلئے ہیں۔ وزیر دفاع چک ہیگل نے یہ بات بتائی۔ وہ کل اپنے فرانسیسی ہم منصب جین یوس لی ڈریان کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے جس کے دوران اُنھوں نے کہاکہ اگر امریکی شہریوں کے انخلاء کی ضرورت پیش آئی تو ہم نے اس کے انتظامات کرلئے ہیں جس کیلئے روس کا تعاون بھی شامل رہے گا۔ بعدازاں ایک انتظامی عہدیدار نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے پیش آنے پر امریکی شہریوں کے انخلاء سے متعلق امریکہ اور روس کے درمیان ایک قرارداد منظور ہوئی ہے۔