سوچھ مہم میں راشٹرپتی بھون، ساؤتھ بلاک پیچھے

حیدرآباد ہاؤس، وگیان بھون اور جواہرلال نہرو بھون کو اعلیٰ ریٹنگ
نئی دہلی ، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حیدرآباد ہاؤس، وگیان بھون اور جواہر لال نہرو بھون کو سوچھ بھارت ابھیان (ایس بی اے) ریٹنگ میں اعلیٰ مقام حاصل ہوا ہے، جبکہ راشٹرپتی بھون اور ساؤتھ بلاک اس معاملے میں قومی دارالحکومت میں پیچھے رہ جانے والی ایسی 29 سرکاری عمارتوں میں شامل ہیں جن کا مجموعی صاف صفائی کے پہلو سے جائزہ لیا گیا ہے۔ وزارت شہری ترقی کے ایک عہدہ دار نے کہا کہ تین عمارتوں حیدرآباد ہاؤس، وگیان بھون اور جواہر لال نہرو بھون نے 20، 20 پوائنٹس حاصل کئے، جبکہ راشٹرپتی بھون اور ساؤتھ بلاک کو ترتیب وار چھٹا اور 14 واں رینک ملا ہے۔ ایس بی اے ریٹنگ میں جہاں راشٹرپتی بھون اور دفتر وزیراعظم کی عمارت ساؤتھ بلاک پیچھے رہ گئے ہیں، وہیں اربن ڈیولپمنٹ منسٹری کے مقام نرمان بھون جو شہری علاقوں میں ’سوچھ بھارت‘ مہم پر عمل آوری کی ذمہ دار ہے، محض 12 پوائنٹس کے ساتھ کافی پیچھے 8 ویں رینک پر ہے۔ سنٹرل پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (سی پی ڈبلیو ڈی) نے صاف صفائی کے وسائل کی دستیابی، صاف ستھرائی اور وہاں کچرادانوں کی موجودگی کی اساس پر عمارتوں کا سروے کیا ہے۔