مشن کاکتیہ کے تحت تالابوں کا تحفظ ، حکومت فوری توجہ دے
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت ریاست اور حیدرآباد میں صاف صفائی کے لیے سوچھ تلنگانہ اور سوچھ حیدرآباد اسکیم چلا رہی ہے ۔ اس لیے شہر کے مختلف مقامات سے کچرا ، کوڑا کرکٹ کو اٹھایا جارہا ہے ۔ لیکن عوام الناس کے لیے یہ افسوسناک خبر ہے کہ یہ کوڑا کرکٹ شہر کے مختلف تالابوں میں ڈالا جارہا ہے ۔ حکومت ایک طرف مشن کاکتیہ کے تحت ریاست کے تمام تالابوں کا تحفظ اور اس کی ترقی کرنا چاہتی ہے اور اس کے لیے ایک خطیر رقم چار ہزار کروڑ مختص کئے گئے تو پھر سوچھ تلنگانہ مشن کے لیے 400 کروڑ روپئے کی رقم رکھی گئی ۔ اور اب سوچھ تلنگانہ کے تحت جو کچرا اٹھایا جارہا ہے ۔ اس کی ایک مثال قلعہ گولکنڈہ کی فصیل سے لگا تاریخی شاہ حاتم تالاب میں سوچھ حیدرآباد کا کچرا ڈال کر اس کو بھرا جارہا ہے ۔ ممتاز سماجی جہد کار محمد افضل کنوینر اسوسی ایشن آف پروٹیکشن نے سیاست نیوز کو بتایا کہ یہ تاریخی تالاب ہے جس کو بھر کر اس کی شناخت مٹانے کی سازش کی جارہی ہے ۔ یہی نہیں بلکہ شہر کے ایسے کئی تاریخی تالابوں کو مٹانے کے لیے سوچھ تلنگانہ کا کچرا ان تالابوں میں بھرا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ جو کئی اسکیمات کو روبہ عمل لا رہے ہیں حکومت کے اعلیٰ عہدیدار بالخصوص محکمہ بلدیہ کے اسٹاف اور ورکرس کو ہدایات دیں کہ وہ سوچھ تلنگانہ مشن کو کامیاب بنائیں نہ کہ اس کے تحت تاریخی تالابوں کی شناخت کو ہی ختم کردیں ۔ ایک طرف حکومت مشن کاکتیہ کے تحت تالابوں کے تحفظ اور بقاء کے اقدامات کررہی ہے تو دوسری طرف سوچھ تلنگانہ کے تحت ان ہی تالابوں کو بھرکر ان کے تحفظ اور بقاء کے بجائے ان کی شناخت کو مٹایا جارہا ہے ۔ حکومت فوری توجہ دے ۔۔