سوچھ حیدرآباد کے تحت اعظم پورہ میں لاکھوں روپیوں کے کاموں کی منظوری

بورویل کی تنصیب ، ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی کا عہدیداروں کے ساتھ دورہ ، عوامی مسائل کی سماعت
حیدرآباد۔18مئی(سیاست نیوز)سوچھ حیدرآباد کے تیسرے دن ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمودعلی نے پرانے شہر کے نورخان بازار‘ کٹل گوڑہ‘ عثمان پورہ ‘ کمل نگر‘ اور دبیر پورہ دروازے علاقوں میں بلدی ، برقی اور محکمہ آبرسانی عہدیداروں کے ہمراہ مقامی مسائل کا جائزہ لیا۔ جناب محمد محمود علی نے مقامی عوام کو درپیش مسائل کو فوری حل کرنے کی ہدایت بھی دی۔ انہوں نے آلودہ پانی کی سربراہی کی شکایت پر متعلقہ آبرسانی عہدیدارو ںپر برہمی کا اظہار بھی کیا اس کے علاوہ مذکورہ علاقوں میں ناکارہ بورویلس کی فوری درستگی عمل میںلاتے ہوئے مقامی عوام کو درپیش پانی کی قلت کو دورکرنے کے احکامات جاری کئے۔ جناب محمد محمو دعلی نے خستہ حال سڑکوں کی بھی فور ی مرمت کرنے اور خراب ڈرینج لائن کو تبدیل کرنے کی بھی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے عوامی مسائل کے حل کے خصوصی بجٹ کی اجرائی کا بھی ذکر کیا اور کہاکہ حکومت تلنگانہ کی سوچھ حیدرآباد مہم کے دوران جاری کردہ احکامات پر عمل آوری کریں کیوں کہ عوامی مسائل کو حل کے لئے علیحدہ بجٹ جاری کیاگیا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے سوچھ حیدرآباد کے لئے مختص کردہ423پوائنٹس پر زور شور سے کام جاری ہے۔ حکومت تلنگانہ عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کی برقراری کے لئے سوچھ حیدرآباد جیسے پروگرام کو منعقد کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزید دوروز تک سوچھ حیدرآباد جاری رہے گا ۔ حکومت شہر حیدرآباد کے ہر گھر ‘ گلی اور محلے تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کی جاسکے۔ سوچھ حیدرآباد مہم کے دوران جاری کردہ بوریل کی اعظم پورہ لاری کانٹہ کے قریب جناب محمد محمود علی کے ہاتھوں تنصیب عمل میں آئی۔ جناب اعظم علی خرم ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد اڈھاک کمیٹی رکن نے کہاکہ پچھلے تین دنوں میں سوچھ حیدرآبا دمہم کے دوران اعظم پورہ اور اس کے اطراف واکناف کے علاقوں میں لاکھوں روپیوں کے کاموں کی انجام دہی کے لیے ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی نے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے سوچھ حیدرآباد مہم سے استفادہ اٹھانے کا اعظم پورہ اور اس کے اطراف اکناف کے علاقوں کی عوام سے اپیل کی۔ جناب ایم ستار کے علاوہ محکمہ بلدی ‘ برقی او رآبرسانی کے عہدیداران بھی موجو دتھے۔اس موقع پر عوام کی جانب سے ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمودعلی کا والہانہ خیر مقدم کیاگیا اور مقامی عوا م کی جانب سے جگہ جگہ ان کی گلپوشی اورشال پوشی کی گئی جن میںمصائب کا شکار خواتین کی اکثریت شامل تھی ۔