حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی (این ایس ایس) تلنگانہ کے وزیر کمرشیل ٹیکس تلاسانی سرینواس یادو نے کہا ہے کہ شہر کو کوڑا کرکٹ اور گندگی سے بالکل پاک و صاف بنانے کے مقصد سے پانچ روزہ ’سوچھ حیدرآباد‘ پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر شہر کی صفائی کے علاوہ دیگر عوامی مسائل کی بھی برسر موقع یکسوئی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ مسٹر یادو نے سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ا یم سی) کو 16 تا 20 مئی سوچھ حیدرآباد پروگرام کے انعقاد کیلئے 20 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ اس پروگرام میں 33500 ملازمین حصہ لیں گے۔