سوچھ حیدرآباد ، سوچھ تلنگانہ پروگرام کا کل سے آغاز

شہر کو صاف ستھرا رکھنے کی مہم ، عوامی تعاون کے ذریعہ کامیاب بنانے چیف منسٹر کی اپیل
حیدرآباد۔ 14 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عوامی وسیع تر حصہ داری، عوامی نمائندوں کے بھرپور تعاون کے ذریعہ ’’سوچھ حیدرآباد‘‘ اور ’’سوچھ تلنگانہ‘‘ پروگرام کو کامیاب بنانے کی پرزور اپیل کی۔ آج یہاں سیکریٹریٹ میں سوچھ حیدرآباد اور سوچھ تلنگانہ کے موضوع پر گریٹر حیدرآباد کے منتخبہ عوامی نمائندوں (ارکان پارلیمان ۔ ارکان اسمبلی و ارکان کونسل) کے ساتھ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جائزہ اجلاس منعقد کیا تھا۔ اس اجلاس میں مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارو دتاتریہ ،ڈپٹی چیف منسٹر اُمور ریوینیو مسٹر محمد محمود علی، کے سری ہری اُمور تعلیم، گریٹر حیدرآباد وزراء ٹی سرینواس یادو، این نرسمہا ریڈی، پدما راؤ گوڑ، تمام پارٹیوں کے ارکان پارلیمان، ارکان اسمبلی و کونسل چیف سیکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما، جی ایچ ایم سی کمشنر سومیش کمار وغیرہ نے شرکت کی۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا جاریہ ماہ 16 مئی تا 20 مئی منظم کئے جانے والے سوچھ حیدرآباد پروگرام منعقد کرنے کے بعد عوام سے حاصل ہونے والی نمائندگیوں سے واقفیت حاصل ہونے پر مسائل پر غور کرنے اور تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کیلئے 26 مئی کو ڈاکٹر ایم چنا ریڈی انسٹیٹیوٹ برائے فروغ انسانی وسائل میں پھر ایک بار اجلاس طلب کرکے مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں بتایا گیا کہ سوچھ حیدرآباد کو صرف چار دن تک کیلئے محدود کرنے کے بجائے ہر ماہ ایک دن اس پروگرام کیلئے مختص کیا جائے گا۔ 16 مئی کو اس سوچھ حیدرآباد پروگرام کا ایچ آئی سی سی میں آغاز ہونے کے بعد 17 مئی تا 20 مئی تک عہدیداروں کی ٹیمیں انہیں تعینات کردہ علاقوں میں پہونچ کر پروگرام کے تحت مختلف کام انجام دیں گے۔ اس پروگرام میں بالخصوص کچرے کی نکاسی ، بوسیدہ عمارتوں کی صفائی کے علاوہ بستیوں کی صفائی کے کام عوامی تعاون کے ذریعہ انجام دیئے جائیں گے۔ ہر ٹیم کی ایک سینئر سیول سرویس عہدیدار کی قیادت کریں گے۔ اس طرح جملہ 6 ہزار عہدیدار و مختلف ملازمین بستیوں میں گھوم پھر کر عوام کو شامل کرتے ہوئے سوچھ حیدرآباد پروگرام انجام دیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہا کہ سوچھ حیدرآباد پروگرام میں گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن، چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ، وزراء، چیف سیکریٹری، پولیس و ملٹری عہدیدار کثیر تعداد میں حصہ لیں گے۔